قائداعظم یونی ورسٹی ہاسٹلز خالی نہ کرنیوالے متعدد طلبہ گرفتار

 طلبہ کو ہاسٹلز خالی کرنے کی بارہا مہلت دی جا چکی تھی، حتمی مہلت ختم ہونے پر کارروائی کی گئی،یونی ورسٹی انتظامیہ
اسلام آباد(آئی این پی)قائداعظم یونی ورسٹی کے ہاسٹلز خالی نہ کرنے پر درجنوں طلبہ کو گرفتار کرلیا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق سالانہ مرمت، تزئین و آرائش کے کام کے پیش نظر موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران13جولائی سے ہاسٹلز کی عارضی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔یونی ورسٹی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ طلبہ کیلئے 21جولائی تک ہاسٹل کو خالی کرنے کے احکامات دیے گئے تھے جس کے بعد بڑی تعداد میں طلبہ نے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہاسٹلز خالی کر دیے تاہم چند طلبہ کی جانب سے احتجاج جاری تھا۔یونی ورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی طلبہ کی درخواست خارج کر دی تھی جس کے بعد کچھ طلبہ کو ہاسٹلز خالی کرنے کی بارہا مہلت دی جا چکی تھی تاہم حتمی مہلت ختم ہونے منگل کو ہاسٹلز خالی کرانے کے لیے کارروائی کی جس دوران درجنوں طلبہ کو گرفتار کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق قائداعظم یونی ورسٹی میں طلبہ کے احتجاج کے پیش نظر وی سی آفس کو تالے لگا دیے گئے ہیں اور احتجاج کی وجہ سے وی سی سیکرٹریٹ کو بھی بند کیا گیا ہے۔دوسری جانب طلبہ کی وکیل ایمان مزاری کا کہنا ہے کہ 72طلبہ کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ لایا گیا ہے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس قائد اعظم یونی ورسٹی کے ہاسٹلز سے طلبہ کی گرفتاری پر موقف دینے سے گریز کررہی ہے ۔