اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ شیر افضل مروت اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارلیمانی اجلاس میں شیر افضل مروت کی ممکنہ واپسی پر مشاورت ہوئی، جہاں اسد قیصر اور شہریار آفریدی نے ان کی واپسی کے حق میں دلائل دیے، جبکہ نثار جٹ نے بھی اس مؤقف کی تائید کی۔ تاہم کچھ ارکان نے کہا کہ مروت کے مؤقف کو سنا جانا چاہیے۔شیر افضل مروت نے اجلاس میں کہا کہ جب پارٹی کے اندر سے بیانات آتے ہیں تو وہ مجبوراً جواب دیتے ہیں۔ پارلیمانی پارٹی نے ان سے درخواست کی کہ وہ خاموشی اختیار کریں۔ ذرائع کے مطابق، شیر افضل مروت کے حوالے سے حتمی مؤقف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ پارٹی کے اندر شیر افضل مروت کی واپسی پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم سلمان اکرم راجہ کے بیان نے معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔