پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر اُس شخص کو یہاں آنا چاہیے جو جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے، یہ صرف ارکانِ اسمبلی کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر باشعور شہری کا فرض ہے۔
اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ کچھ لوگ یہ طے کرنا چاہتے ہیں کہ ایک انسان ملاقات میں کیا بات کرے اور کیا نہ کرے، دنیا کا کوئی قانون کسی شخص کی زبان بندی کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ جیل رولز میں سیاسی گفتگو پر پابندی کی شق جنرل ضیاء الحق کے آمرانہ دور میں شامل کی گئی تھی، جو آج بھی شہری آزادیوں کے خلاف استعمال کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کا حامی ہے تو اسے ایسے غیر آئینی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔
سلمان اکرم راجا نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، جو نہایت تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد وہاں کے عوام سے جو وعدے کیے گئے تھے، وہ آج تک پورے نہیں ہو سکے، جس کے باعث محرومی اور بداعتمادی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کو چاہیے کہ وہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھے، عوامی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کے بجائے مضبوط کرے۔