نومولود بیٹی کو قتل کرنے پر جوڑے کو 17، 17سال قید کی سزا

مجرمہ عربیہ بی بی اور ساتھی مجرم ذوالفقار پر فی کس 40ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا
جوڑے نے بیٹی کی پیدائش پر نومولود کو پہلے دن شدید زخمی کر کے پلاٹ میں پھینک دیا تھا
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹیکسلا نے نومولود بچی کو پہلے ہی روز قتل کرنے کے کیس میں مجرم جوڑے کو 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا فرحان مدثر نے فیصلہ سنا دیا۔ مجرم جوڑے کو مجموعی طور 34 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔مجرمہ عربیہ بی بی اور ساتھی مجرم ذوالفقار پر فی کس 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مجرم جوڑے کو سزا کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔مجرم جوڑے نے بیٹی کی پیدائش پر نومولود کو پہلے دن شدید زخمی کر کے پلاٹ میں پھینک دیا تھا، پولیس نے اسپتال پہنچایا مگر بچی دم توڑ گئی۔راولپنڈی تھانہ صدر واہ کینٹ نے 2 دسمبر 2023 کو مقدمہ درج کیا تھا۔