چہرے کی شناخت کا نظام متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے:وزارت داخلہ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں حکومت نے شناختی نظام کی سکیورٹی مزید سخت بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اجلاس میں وزارت داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انگوٹھے کے نشان کی جگہ اب چہرے کی شناخت (فیشل ریکگنیشن)کا نظام متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انگوٹھے کے نشان پر مبنی نظام کو مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام کے ذریعے فنانشل فراڈ کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جس سے شہریوں کی شناخت اور مالی تحفظ کو خطرات لاحق ہیں۔ طلال چودھری نے بتایا کہ جعلی تھمب(انگوٹھے کے نشان)کے ذریعے سمز نکلوا کر اور دیگر مالی لین دین میں فراڈ کیے جاتے رہے ہیں، اس لیے اب جدید ٹیکنالوجی پر مبنی چہرے کی شناخت کے نظام کی طرف منتقل ہونا ناگزیر ہو چکا ہے۔وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق نیا نظام نہ صرف زیادہ محفوظ ہوگا بلکہ اس سے نادرا، ٹیلی کام کمپنیوں اور بینکنگ سیکٹر میں شناخت کے عمل کو بھی تیز اور شفاف بنایا جا سکے گا