پولیس کو چھتوں اور مختلف مقامات کے معائنے کے خصوصی اختیارات تفویض ،جامع حفاظتی انتظامات نافذ
لاہور میں کیمیکل ڈوراور پتنگوں سے بھرا ہوا کنٹینر برآمد،2 ملزم پکڑے گئے، 12نکاتی ضابطہ اخلاق جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے رواں ماہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 2621 ملزموں کو گرفتار ،2550 کیخلاف مقدمات درج کر لئے۔دوسری طرف لاہور بسنت فیسٹیول کیلئے12 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز شیرا کوٹ پولیس نے ناکہ پر مشروبات کی آڑ میں خطرناک کیمیکل ڈور و نان رجسٹرڈ پتنگوں سے لدا کنٹینر برآمد کر کے 2 ملزم گرفتار کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے پہلے ماہ صوبہ بھر میں پولیس کی کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 86 ہزار 944 پتنگیں اور 4184 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ اسی دوران لاہور میں کریک ڈائون کے دوران 1181 ملزم گرفتار ہوئے اور ان سے 53 ہزار سے زائد پتنگیں اور 1073 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔علاوہ ازیں گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں ناکہ شیرا کوٹ پر پولیس نے کنٹینر سے خطرناک کیمیکل ڈور و نان رجسٹرڈ 10 ہزار سے زائد پتنگیں،15 خطرناک کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کر کے کر کے اویس اور ارشاد کوگرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق کنٹینر کراچی سے لاہور سپلائی کیلئے آ رہا تھا،ملزموں نے پتنگوں کو مہارت کے ساتھ مشروبات کے پیچھے چھپا رکھا تھا۔ دوسری طرف بسنت فیسٹیول 2026 کے موقع پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے لاہور میں جامع حفاظتی انتظامات نافذ کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے 6 تا 8 فروری کو پتنگ بازی فیسٹیول کیلئے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ، جس کا اطلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمول عمارتوں اور چھتوں پر ہوگا۔ ضلعی افسر وں اور پولیس کو چھتوں اور مختلف مقامات کے معائنے کے خصوصی اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں۔جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق خطرناک ڈور، دھاتی، کیمیائی اور نیلون ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے سائونڈ سسٹمز پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔