لاہور پولیس کا کریک ڈائون جاری ، 575 مقدمات درج کر لیے
لاہور (کرائم رپورٹر) محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے لاہور پولیس نے پنجاب سائونڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ پر عملدرآمد مزید سخت کر دیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال سائونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 671 ملزمان کو گرفتار جبکہ 575 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق صدر ڈویڑن میں سب سے زیادہ 178 افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ اقبال ٹائون ڈویڑن میں 126، سٹی ڈویڑن میں 125 اور ماڈل ٹائون ڈویڑن میں 118 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نقصِ امن کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور محرم الحرام کے پْرامن انعقاد کے لیے سائونڈ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈویڑنل افسران کو ہدایت کی کہ سائونڈ ایکٹ پر مئوثر عملدرآمد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رہے۔