پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ ڈھاکا سے روانہ ہونے والی بمان ایئر کی پرواز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئی، جہاں بنگلادیشی ایئرلائن کو روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔
بمان ایئر کی یہ پرواز 149 مسافروں کو لے کر ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی اور کراچی پہنچی۔ مسافروں نے اس تاریخی پرواز پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا، جبکہ ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔خصوصی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور بنگلادیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ثاقب صداقت نے شرکت کی۔ بمان ایئرلائن اب ہفتے میں دو پروازیں کراچی اور ڈھاکا کے درمیان چلائے گی، اور دوسری پرواز کے زیادہ تر ٹکٹ بھی فروخت ہو چکے ہیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر کہا کہ 14 سال بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہِ راست پروازیں بحال ہوئی ہیں، جو نہ صرف فضائی رابطے بلکہ زندگی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کا سبب بنیں گی۔