آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کیا اور رائے دی مختصر اور معمولی طبی کارروائی کیلئے انہیں پمز لے جانا ضروری ہے
آنکھوں کے معائنے کیلئے پمز لاکر بیس منٹ کارروائی کے بعد واپس جیل منتقل کر دیا گیا قوانین کے مطابق تمام قیدیوں کو طبی سہولیات تک مکمل رسائی حاصل ہوتی ہے
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی آنکھوں کا معائنہ ماہر طبی ٹیم نے کیا، جس کے بعد ماہرین کی سفارش پر انہیں معمولی طبی کارروائی کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ اڈیالہ جیل میں کیا اور طبی رائے دی کہ مختصر اور معمولی طبی کارروائی کے لیے انہیں پمز لے جانا ضروری ہے۔ اس سفارش کی روشنی میں گزشتہ ہفتے کی رات بانی چیئرمین کو پمز منتقل کیا گیا۔وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی تحریری رضامندی کے بعد تقریباً چند منٹ پر مشتمل طبی کارروائی کی گئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے ضروری طبی ہدایات دے کر انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ طبی معائنے کے دوران بانی چیئرمین مکمل طور پر صحت مند تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق تمام قیدیوں کو طبی سہولیات تک مکمل رسائی حاصل ہوتی ہے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ماہر ڈاکٹروں کی سفارش اور ان کی رضامندی کے بعد علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ اس حوالے سے کوئی غیر معمولی اقدام کیا گیا ہو۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کے علاج معالجے کے تمام مراحل قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں۔