خیبر پختونخوا میں نئے انسپکٹر جنرل پولیس کی تعیناتی پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں اتفاق رائے پایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ذوالفقار حمید کی تقرری دونوں حکومتوں کی مشترکہ رضامندی سے عمل میں آئی ہے۔ ان کا نام خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تجویز کردہ فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا، جبکہ وفاقی حکومت ان کی تعیناتی کی زیادہ خواہش مند تھی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور، کی خواہش تھی کہ صوبے کا ہی کوئی سینئر افسر آئی جی پولیس مقرر ہو۔ اس سلسلے میں ان کا وفاقی سطح پر بھی رابطہ ہوا تھا۔ چند روز قبل، نئے تعینات شدہ آئی جی، ذوالفقار حمید، نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور غیر جانبداری سے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ایسا نہ ہو کہ آپ کسی کے کہنے پر غیر قانونی گرفتاریاں کریں، جس پر ذوالفقار حمید نے جواب دیا کہ محکمہ پولیس کو آئین اور قانون کے مطابق چلایا جائے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل آئی جی خیبر پختونخوا کے عہدے پر اختر حیات گنڈاپور فائز تھے، جنہیں حال ہی میں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔