کراچی میں معروف اداکار، گلوکار اور میزبان فخر عالم کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی ہے۔ تمغۂ امتیاز یافتہ میزبان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس افسوسناک واقعے کی اطلاع دی۔
فخر عالم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے گھر کو لوٹ لیا گیا ہے، اور پولیس جائے وقوع پر موجود ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لیے چوری شدہ چیزوں کی نہیں بلکہ ذہنی سکون کی زیادہ اہمیت ہے، جو کہ اس واقعے کے بعد متاثر ہوا ہے۔اداکار نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، ساتھ ہی عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت بھی کی۔ تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ واردات کے وقت وہ یا ان کے اہلِ خانہ گھر میں موجود تھے یا نہیں۔فخر عالم کے مداحوں کی جانب سے چوری کی مذمت کی جا رہی ہے اور پولیس سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔