پاکستان کے اداکار رعید محمد عالم نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انہیں حقیقی تھپڑ مارا تھا تاکہ وہ منظر کے مطابق جذبات کا بہتر اظہار کر سکیں۔
رعید محمد عالم نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے ابتدائی اداکاری کے تجربات شیئر کیے۔انہوں نے بتایا کہ اداکاری کے آغاز میں انہیں رونے والے مناظر ادا کرنے میں دشواری پیش آتی تھی۔ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کے چند مکالمے تھے اور انہیں رونا بھی تھا، تاہم کئی ٹیک دینے کے باوجود وہ مطلوبہ انداز میں جذبات کا اظہار نہیں کر پا رہے تھے۔اداکار کے مطابق وہ ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں گلیسرین استعمال کرنے سے آنکھوں میں شدید خارش ہوتی ہے، اس لیے وہ گلیسرین کا استعمال بھی نہیں کر سکتے تھے۔رعید محمد عالم نے بتایا کہ نعمان اعجاز نے ان سے پوچھا کہ کیا انہیں رونے میں مشکل پیش آ رہی ہے؟ ان کے ہاں میں جواب دینے پر نعمان اعجاز نے اچانک انہیں زور سے تھپڑ مارا اور کہا، "اب بچہ اچھا روئے گا۔"
انہوں نے کہا کہ تھپڑ کافی زور کا تھا، جس پر انہوں نے نعمان اعجاز سے بھی یہی بات کہی۔رعید محمد عالم نے واضح کیا کہ اس واقعے کے باوجود وہ اپنے سینئر فنکاروں کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ ان کے بقول سینئر اداکاروں نے انہیں بہت کچھ سکھایا، جبکہ نعمان اعجاز نے بھی اداکاری کے حوالے سے ان کی بھرپور رہنمائی کی۔