پاکستان میں 3ہزار ای وی چارجنگ سٹیشن لگیں گے

 چارجنگ سٹیشنز شہروں اور ہائی ویز پر قائم کیے جائیں گے،10لاکھ افراد کو ملازمت ملے گی، وزیر توانائی سندھ
   کراچی(خصوصی رپورٹ )چینی کمپنی نے پاکستان میں 3ہزار ای وی چارجنگ سٹیشنز لگانے کا اعلان کردیا۔چینی سرمایہ کاری وفد نے صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ چینی کمپنی پاکستان میں 3ہزار ای وی چارجنگ سٹیشنز لگائے گی، جو شہروں اور ہائی ویز پر قائم کیے جائیں گے۔ سندھ حکومت اس کو مکمل سپورٹ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ای وی سٹیشن کی مالیت 8 ملین روپے ہوگی، جبکہ ایک ملین روپے ڈیپازٹ پر سٹیشن لگانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس منصوبے سے گرین انرجی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے تقریبا ً10 لاکھ افراد کو ملازمت ملے گی۔