پنجاب میں ای چارجنگ سٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلی   نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کرلی
نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کا جامع پلان طلب ،ہرنمایاں شہر میں کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا  فیصلہ 

لاہور(سپیشل رپورٹر )   وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس میں ای چارجنگ اسٹیشن کیلئے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں ماس ٹرانزٹ پروجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں یلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلٹی اسٹڈی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ صوبے میں ایکو فرینڈلی ای ٹیکسی پروجیکٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی منظوری جبکہ 1100 ای ٹیکسیز کے پائلٹ پروجیکٹ کے اجرا پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کیلئے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے عوام کی سہولت کے مطابق روٹس کا تعین کرنے اور جناح ٹرمینل سے ہربنس پورہ یلو لائن پروجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی‘دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں کے لئے سٹیٹ آف آرٹ جدید ترین طبی آلات خریدنے اور مریضوں کی ضرورت کے پیش نظر طبی آلات ترجیحاً فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ کے تمام پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کا جامع پلان طلب کر لیا ۔ اس موقع پر نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سکول آف پیرا میڈیکس بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف جینٹک اینڈ بلڈ ڈیزیز نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سرجیکل آرتھو پیڈک میڈیسن ری ہیبلی ٹیشن بنے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال پراجیکٹ کی چھ ماہ میں تکمیل کی ہدایت کی اورزیرتکمیل ہیلتھ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل کے لئے اقدامات کا حکم دیا