لاہور(کرائم رپورٹر) پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں پروبیشنر افسران کے دوسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ٹریننگ مکمل کرنے والے پروبیشنرز میں اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک کے 115 افسران شامل تھے۔ 1 انسپکٹر لیگل، 84 سب انسپکٹرز اور 20 اے ایس آئیز نے 7 ماہ دورانیے کا پروبیشنرکورس مکمل کیا۔ پروبیشنر کورس مکمل کرنیوالوں میں 22 خواتین پولیس افسران بھی شامل تھی۔ آئی جی پنجاب نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والے افسران نے مارچ پاسٹ کیا اور آئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و دیگر ملازمین میں شیلڈزو اعزازی شمشیرا ور کیش انعامات تقسیم کیے جبکہ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم نے آئی جی پنجاب کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والوں میں 43 ایم فل، ایم ایس سی، ایم اے اور 71 بی اے، بی ایس کی ڈگریاں رکھنے والے افسران شامل ہیں۔