ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں پاسنگ آؤٹ پریڈ

وزیر ریلوے حنیف عباسی ، آئی جی رائے طاہر،ڈی آئی جی عبدالرب ودیگر کی شرکت 
لاہور (کرائم رپورٹر ) ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن میں 68ویں ریکروٹ، ساتویں انٹرمیڈیٹ، چھٹے ڈرل انسٹرکٹر اور پہلے سب انسپکٹر لیگل کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں 468 اہلکاروں بشمول 97 خواتین پاس آؤٹ ہوئیں۔ وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے شاندار پریڈ کا معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالرب چودھری اور پرنسپل ریلویز پولیس ٹریننگ اسکول والٹن اقصیٰ رسول اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، آئی جی ریلویز پولیس نے سپاس نامہ پیش کیا اور اپنی تقریر میں مہمان خصوصی کا شکریہ ادا اور تمام جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے سے نہ صرف ریلویز پولیس کے افسران اور جوانوں نے استفادہ حاصل کیا بلکہ یہاں سے ایف آئی اے اور اے این ایف جیسے اداروں کے جوانوں نے بھی بنیادی تربیت حاصل کی۔ آئی جی نے ریلویز پولیس میں 1500 سیٹوں پر بھرتی کی اجازت دینے پر منسٹر ریلویز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کو خالصتاً میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے۔وزیر ریلویز نے اپنی تقریر میں پاس آؤٹ ہونے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہدایت دی کہ آپ اپنی ڈیوٹی پوری تندہی اور لگن سے سرانجام دیں اور مصیبت زدہ مسافروں کے مددگار بنیں اور فیلڈ میں جاکر ریلویز پولیس ٹریننگ سکول والٹن سے حاصل کردہ تربیت کو عملی جامہ پہنا کر ملک کا نام روشن کریں۔