کراچی: ٹرک کی ٹکر سے 32 سالہ نوجوان جاں بحق، ڈرائیور گرفتار

کراچی: ٹرک کی ٹکر سے 32 سالہ نوجوان جاں بحق، ڈرائیور گرفتار

کراچی میں تیز رفتار ٹرک اور ٹینکرز کے حادثات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

 تازہ واقعے میں سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد میں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل اور کار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق، حادثہ صبح کے وقت ہوا جب ٹرک نے کار اور موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ موٹر سائیکل سوار شخص کی شناخت 32 سالہ آصف ولد یاسین کے طور پر ہوئی۔ آصف کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔پولیس کے مطابق، ٹرک کے ڈرائیور انور کو شہریوں کی مدد سے حراست میں لے لیا گیا۔ ٹرک کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، اور حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ انور نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی لیکن شہریوں کی بروقت کارروائی سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔اس سے قبل، اسٹیل ٹاون کے علاقے گلشن حدید میں بھی ایک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 65 سالہ بزرگ شہری نوازش علی جاں بحق ہوگئے۔ متوفی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، جبکہ حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔