17 سیٹوں والی حکومت نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کے گھر چھاپہ مار کر مذاکرات سبوتاژ کیے
پی ٹی آئی کے پاس عوامی طاقت،جومرضی کرلیں 8فروری کو ملک بھر میں احتجاج ہو گا، یوم سیاہ منایا جائیگا
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات کو کمزوری سمجھا، 17سیٹوں والی حکومت نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کے گھر چھاپہ مار کر مذاکرات سبوتاژ کیے،ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ مذاکرات ہماری کمزوری نہیں تھے، ملک کی خاطر بات چیت شروع کی، پی ٹی آئی کے پاس عوامی طاقت ہے، ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے دہشت گردی کنٹرول کرنے بجائے حکمرانوں نے تحریک انصاف کے کارکنان کو دہشت گرد بنا کر انسداد دہشت گردی عدالت میںکھڑا کر دیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں کو دہشت گرد بنا دیا گیا ہے جبکہ دہشت گرد ، دندنا رہے ہیں ۔ زرتاج گل نے کہا کہ 17سیٹوں والوں سے اب کیا مذاکرات ہوں گے، 8فروری آ رہا ہے ملک بھر میں احتجاج ہو گا،یوم سیاہ منایا جائے گا۔