مذاکرات کی بات پانچ بڑوں تک آ گئی تو اسے نہ ہی سمجھا جائے بیرسٹر گوہر

حالات معمول پر لانے کی بھاری قیمت مانگی جا رہی ہے،جب ملاقاتیں نہیں  تو مذاکرات کیسے ہوں گے؟  ہم نے حالات ٹھیک کرنے کی بہت کوشش کی:چیئرمین پی پی
ہم ملاقات کے لئے آتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی جاتی، میڈیا میں بانی کا نام تک نہیں لیا جاتا لیکن اسرائیلی وزیر اعظم کی خبریں چلتی ہیں:علیمہ خان  کی میڈیا سے گفتگو
 راولپنڈی(آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے  مذاکرات کی بات اگر پانچ بڑوں کی ملاقات تک آ گئی ہے تو اسے نہ ہی سمجھا جائے۔پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے کے موقع پر داہگل ناکا اڈیالا روڈ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ مذاکرات کی بات اگر پانچ بڑوں کی ملاقات تک آ گئی ہے تو اسے نہ ہی سمجھا جائے کیونکہ نہ پانچ بڑے ملاقات کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملاقاتیں ہی نہیں کرنے دی جاتیں تو مذاکرات کیسے ہوں گے؟۔ ہم ہر منگل کو آتے ہیں اور ملاقات کے بغیر واپس چلے جاتے ہیں۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ہے بانی سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملاقاتوں کو متنازع بنا کر بات کہاں سے آگے بڑھے گی، حالات معمول پر لانے کی بھاری قیمت مانگی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جتنی کوشش کی حالات ٹھیک ہوں دوسری طرف سے اتنی ہی کوشش حالات خراب کرنے کے لیے کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو پورے ملک میں شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال ہو گی اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا‘دریں اثنا عمران خان کی بہن علیمہ خان نے گورکھپور ناکا پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قرآن خوانی میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ راستے بند کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جہاں روکا جاتا ہے وہیں قرآن خوانی کر لیتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، بانی کو قید میں رکھ کر انہیں کیا ملے گا، ہم ملاقات کے لیے آتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی جاتی، میڈیا میں بانی کا نام تک نہیں لیا جاتا لیکن اسرائیلی وزیر اعظم کی خبریں چلتی ہیں۔