90کی دہائی میں پیپلز پارٹی سے کافی تلخی رہی، تاہم اختلافات کے باوجود ہم آگے بڑھے
یہ ایوان سیاسی رواداری کا امین ہے، شیر افضل مروت کا بیان مثبت اشارہ ہے:وزیراطلاعات
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے یہ ایوان سیاسی رواداری کا امین ہے، شیر افضل مروت کا بیان مثبت اشارہ ہے، ماضی میں پاکستان تحریک انصاف نے ہماری سیاسی دانشمندی کو کمزوری سمجھا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا 90 کی دہائی میں ہماری پیپلز پارٹی سے کافی تلخی رہی، ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کی جاتی تھیں، تاہم اختلافات کے باوجود ہم آگے بڑھے، ہم نے ایک دوسرے کو یہ نہیں کہا کہ یہ ہمارے دشمن ہیں۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان جب 2013 میں انتخابی مہم کے دوران لفٹر سے گرے اور زخمی ہوئے، ہماری انتخابی مہم جاری تھی، نواز شریف نے تمام رفقا کو بلایا اور اپنی انتخابی مہم 24 گھنٹے کے لیے معطل کی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ن لیگ کی پوری قیادت شوکت خانم عمران خان کی عیادت کے لیے گئی، ان کے ڈاکٹر سے ملاقات کرکے خیر سگالی کا پیغام دیا اور کہا کہ آپ سے ہماری دشمنی نہیں، سیاسی مخالفت ہے، اللہ آپ کو صحت دے، کیوں کہ سیاسی مخالف سے مقابلے کا مزہ اس وقت آتا ہے، جب مخالف میدان میں موجود ہو، لیکن اسے ہماری سیاسی کمزوری سمجھا گیا