ہم ہر جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، نیپال کی سفیر سے ملاقات، گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم ہر جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وہ نیپال کی سفیر سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک اہم عالمی چیلنج ہے، اس سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون ضروری ہے۔نیپال کی سفیر ریتا دھیتال سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور بلااشتعال جارحیت کا ہمیشہ وقار اور اصولی مؤقف سے سامنا کیا ہے، حالیہ کشیدگی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنی، بھارت کی علاقائی بالادستی کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی، پاکستان خطے میں امن کی بحالی پر مطمئن ہے۔سفیر نیپال نے کشیدگی کے خاتمے پر اطمینان اور پاکستان کو درپیش مشکلات پر ہمدردی کا اظہارکیا۔ نیپال کی جانب سے پاکستان کے موسمیاتی تحفظ میں قائدانہ کردار کو سراہا گیا۔