’’مشین گن جیسے ہونٹ‘‘ سے مشہور ٹرمپ کی سیکریٹری نے ماں بننے کا اشارہ دے دیا

’’مشین گن جیسے ہونٹ‘‘ سے مشہور ٹرمپ کی سیکریٹری نے ماں بننے کا اشارہ دے دیا

کیرولین لیوٹ، جو وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی معاون ہیں، نے اپنی ذاتی زندگی کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

 انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جلد دوسری بار ماں بننے والی ہیں اور اس بار ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش متوقع ہے۔لیوٹ نے انسٹاگرام پر کرسمس ٹری کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کا بیبی بمپ واضح طور پر نظر آ رہا تھا۔ پوسٹ میں انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اس نئے اضافہ کے لیے بے حد پرجوش ہیں، اور انتظار کر رہے ہیں کہ ان کا بیٹا بڑے بھائی کے طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالے۔کیرولین نے اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے نہ صرف ان کی حمایت کی بلکہ ایک خاندان دوست ماحول قائم کرنے میں بھی مدد کی۔بعد ازاں فاکس نیوز سے گفتگو میں کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ماں بننے کا تجربہ زمین پر جنت جیسا احساس ہے اور ان کا دل خدا کے شکر سے بھرا ہوا ہے۔

فاکس نیوز کے مطابق، ان کے شوہر نک کے ساتھ ان کی دوسری اولاد مئی 2026 میں بیٹی کی صورت میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ کیرولین لیوٹ وائٹ ہاؤس کی تاریخ میں سب سے کم عمر پریس سیکریٹری ہیں۔ 2024 کی صدارتی مہم کے دوران انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی نیشنل پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور میڈیا سے جارحانہ سوالات کا پُراعتماد انداز میں جواب دینے کی وجہ سے نمایاں ہوئیں۔ صدر ٹرمپ نے انہیں مزاحاً ’’مشین گن جیسے ہونٹ‘‘ کا لقب بھی دیا تھا۔