امریکی ڈاکٹروں نے ٹرمپ کے منتخب سیکریٹری کینیڈی جونیئر کو قومی صحت کے لیے خطرہ قرار دے دیا

امریکی ڈاکٹروں نے ٹرمپ کے منتخب سیکریٹری کینیڈی جونیئر کو قومی صحت کے لیے خطرہ قرار دے دیا

امریکا میں 17,000 سے زائد ڈاکٹروں نے ایک خط کے ذریعے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام شدید تنقید کی ہے، جس میں انہوں نے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو نیشنل ہیلتھ کیئر کے لئے ایک خطرہ قرار دیا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کینیڈی جونیئر کے پاس محکمہ صحت اور انسانی خدمات (HHS) کی قیادت کرنے کی اہلیت کا فقدان ہے اور ان کی تقرری امریکی عوام کی صحت اور بہبود کے لئے سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے۔یہ خط شکاگو میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ ہیلتھ کیئر کے ارکان نے سینیٹرز کو لکھا، جو کہ تقریباً 20,000 ڈاکٹروں اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔ کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روب ڈیوڈسن نے خط میں کہا کہ ہمیں منتخب صدر کی طرف سے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو قومی صحت اور انسانی خدمات کا سیکرٹری مقرر کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صحت کے نظام کا انحصار سائنس اور شواہد پر مبنی طریقوں کی حمایت کرنے والی قیادت پر ہے، اور کینیڈی جونیئر اس قسم کی قیادت فراہم کرنے میں ناکام ہوں گے۔کینیڈی جونیئر کی صحت کے حوالے سے پوزیشنز نے انہیں مختلف تنازعات میں گھرا دیا ہے۔ وہ کورونا وائرس ویکسین کی تاثیر اور اس کے استعمال کے بارے میں شک و شبہات کا اظہار کر چکے ہیں اور ویکسین کے بارے میں متنازعہ بیانات دینے کے لیے مشہور ہیں۔

ان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وہ ویکسینز اور دیگر طبی اقدامات کے بارے میں غلط معلومات پھیلاتے ہیں۔کینیڈی جونیئر نے عوامی سطح پر متعدد بار فلورائڈ کے پانی میں استعمال پر اعتراض کیا ہے اور اشیاء خوردونوش میں اضافی اور کیمیائی حفاظتی اجزاء کو ہٹانے کی تجویز بھی دی ہے۔ ان کے اس موقف پر ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے ان کی تقرری کو نیشنل ہیلتھ کیئر کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے، اور ان کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر لیا ہے۔کینیڈی جونیئر کی تقرری کے حوالے سے یہ تنازعہ امریکی صحت کے نظام کی مستقبل کی پالیسیوں پر وسیع اثرات مرتب کر سکتا ہے اور اس کے نتائج امریکی عوام کی صحت پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔