وجے ہزارے ٹرافی 2025-26 کے تیسرے راؤنڈ میں بھارتی کرکٹ کے دو بڑے نام ویرات کوہلی اور روہت شرما اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر رہے۔
ویرات کوہلی دہلی کے لیے جبکہ روہت شرما ممبئی کے لیے میدان میں نہیں اترے۔ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی پہلے ہی ٹورنامنٹ میں اپنے طے شدہ دو میچ کھیل چکے تھے، جس کے بعد انہیں آرام دیا گیا۔ویرات کوہلی نے دہلی کے لیے دو میچوں میں شاندار کارکردگی دکھائی اور 131 اور 77 رنز بنائے، جبکہ روہت شرما نے ممبئی کے لیے پہلے میچ میں 155 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی 6 جنوری کو ریلوے کے خلاف دہلی کے لیے دوبارہ میچ کھیل سکتے ہیں، جبکہ روہت شرما وجے ہزارے ٹرافی میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف 11 جنوری سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے قومی کیمپ جوائن کریں گے۔ اس دوران جسپریت بمرا اور ہاردک پانڈیا کو سیریز میں آرام دیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ مستقبل کی اہم ذمہ داریوں، خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لیں گے، جو ورلڈ کپ سے قبل بھارت کی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی۔واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے مارچ میں چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا، جبکہ جسپریت بمرا آخری بار 2023 کے ورلڈ کپ فائنل میں ون ڈے میچ کھیلتے نظر آئے تھے۔