اجنکیا رہانے کا روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ورلڈکپ 2027 تک کھیلنے کا مطالبہ

اجنکیا رہانے کا روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ورلڈکپ 2027 تک کھیلنے کا مطالبہ

بھارت کے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے بیٹر اجنکیا رہانے نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کے مستقبل کے حوالے سے اہم مطالبہ کیا ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کو صرف ہر سیریز کے بعد کارکردگی کا جائزہ نہیں لینا چاہئے بلکہ انہیں 2027 ورلڈکپ تک واضح حمایت دی جانی چاہئے۔رہانے کا کہنا ہے کہ روہت شرما کی کئی سالوں پر محیط خدمات اور بڑے مقابلوں میں ان کے تجربے کو دیکھتے ہوئے ان کی ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ کے بارے میں کوئی بحث ہونی ہی نہیں چاہئے۔ اگر روہت 2027 کے ورلڈکپ میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں مکمل اعتماد کے ساتھ ٹیم کا حصہ بنایا جائے تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ کے بہترین کھیل پیش کر سکیں۔اسی طرح، انہوں نے ویرات کوہلی کے لیے بھی یہی مؤقف اپنایا اور کہا کہ دونوں سینئر کھلاڑیوں کو کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کی مکمل حمایت ملنی چاہئے تاکہ وہ آزادی سے کھیل سکیں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ رہانے کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں اسٹارز محدود ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس لیے سلیکٹرز کے لیے تجربہ اور موجودہ فارم کے درمیان توازن برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔دوسری جانب، بھارتی ٹیم مستقبل کی نسل تیار کرنے پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، کیونکہ روہت شرما ورلڈکپ تک تقریباً 40 برس کے ہو جائیں گے۔ اس صورتحال میں، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے درمیان توازن برقرار رکھنا اہم ہوگا تاکہ ٹیم کا مستقبل محفوظ اور مضبوط بن سکے۔