بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے طویل عرصے کے بعد ایک نئے اشتہار میں ایک ساتھ جلوہ گر ہو کر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
اس اشتہار میں دونوں کی کیمسٹری اور خوبصورت انداز نمایاں ہے، جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔اسٹوری لائن کے مطابق، ویرات کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا سے دبئی کی چھٹیوں کے دوران ایک سرپرائز پلان کرنے کا کہتے ہیں۔ انوشکا انہیں صحرا میں ایک پرسکون ڈیزرٹ ڈیٹ پر لے جاتی ہیں، جہاں دونوں مل کر کھانا پکاتے ہیں، اسے دسترخواں پر سجاتے ہیں اور ایک دوسرے کو کھلاتے ہیں۔ اس کے بعد وہ صحرا میں چہل قدمی کرتے اور ہرنوں کی موجودگی سے محظوظ ہوتے ہیں۔ایک دلکش منظر میں دونوں کے درمیان والی بال کا مقابلہ دکھایا گیا ہے، جس میں انوشکا جیت جاتی ہیں۔ اپنی جیت پر وہ کہتی ہیں، ’میں نے کہا تھا ناں، میں بہتر ایتھلیٹ ہوں۔‘ ویرات ہنستے ہوئے جواب دیتے ہیں، ’اور میں بہتر ڈانسر ہوں۔‘
یہ اشتہار جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، اور مداحوں نے دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو بھارت کی سب سے کامیاب اور مقبول جوڑی سمجھا جاتا ہے، جنہوں نے 11 دسمبر 2017 کو اٹلی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں: بیٹی وامیکا اور بیٹا اکائے۔یہ اشتہار نہ صرف ان کی محبت اور کیمسٹری کا عکاس ہے، بلکہ ان کے مداحوں کے دلوں میں بھی ایک خاص جگہ بنا چکا ہے۔