پاکستان کے نامور کلاسیکل، غزل اور پلے بیک گلوکار شفقت امانت علی کی آواز نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی خوب سراہا گیا ہے۔
انہوں نے متھوا، کھماج، اکھیاں، جیا نہ جائے اور تیری جھکی نظر جیسے مقبول گیتوں کے ذریعے بے پناہ شہرت حاصل کی۔حال ہی میں برائیڈل کاؤچر ویک میں ان کی پرفارمنس کو مداحوں کی جانب سے بھرپور داد ملی، جہاں انہوں نے اپنا گیت ’آنکھوں کے ساگر‘ پیش کیا۔اب شفقت امانت علی ملکہ ترنم نور جہاں کی مشہور غزل ’پہلی سی محبت‘ کا کور ورژن جلد ریلیز کرنے جا رہے ہیں۔ اس گانے کی ویڈیو میں معروف پاکستانی فلم اسٹار ریشم اور خود شفقت امانت علی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ گیت 31 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، اور اس کا ٹیزر ریشم نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
تاہم، گلوکار کو ویڈیو میں ہیرو کے رومانوی کردار میں دیکھ کر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ کردار کسی اداکار کو دینا چاہیے تھا، جبکہ بعض نے ویڈیو کو نامناسب اور مایوس کن قرار دیا۔ کچھ صارفین نے عمر کے حوالے سے بھی طنزیہ تبصرے کیے۔اس کے باوجود، گیت کو موسیقی کے اعتبار سے خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے میوزک کی دنیا میں دلچسپی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔