گلوکار امانت علی کی نئی منقبت ’’میں خوش نصیب ہوں‘‘ ریلیز کر دی گئی ہے، جسے شائقینِ نعت و منقبت میں بے حد پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
اس روح پرور منقبت کا کلام معروف شاعر اسد جعفری نے تحریر کیا ہے، جبکہ اس کی دلکش طرز موسیقی پاکستان کے عظیم کلاسیکل گلوکار نزاکت علی مرحوم کی ہے۔منقبت کی ویڈیو کو معروف ہدایتکار راجہ ستار نے ڈائریکٹ کیا ہے، جس میں سادگی اور روحانیت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ منقبت ماہِ شعبان کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد سامعین کو روحانی کیفیت سے ہمکنار کرنا ہے۔امانت علی کا کہنا ہے کہ یہ منقبت ان کے لیے محض ایک تخلیق نہیں بلکہ عقیدت اور فخر کا اظہار ہے، کیونکہ اس کی طرز ان کے والد نزاکت علی مرحوم کی ہے، جنہوں نے برصغیر میں کلاسیکل موسیقی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
واضح رہے کہ امانت علی معروف کلاسیکل گلوکار نزاکت علی مرحوم کے صاحبزادے ہیں اور اپنی منفرد آواز کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ وہ متعدد بھارتی ٹی وی چینلز کے میوزک شوز میں شرکت کر چکے ہیں جہاں انہوں نے کئی نامور بھارتی گلوکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔