سوشو اکنامک سروے کی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ دو ماہ سے معاوضوں سے محروم ،ٹیچرز یونین میدان میں کود پڑی
لاہور(خصوصی رپورٹ)سوشو اکنامک سروے کی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ دو ماہ سے معاوضوں سے محروم،اساتذہ کو معاوضوں کی ادائیگی اور سکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر مسائل پرپنجاب ٹیچرز یونین نے کل 31 دسمبر لاہور پریس کلب کے باہر 2 بجے احتجاج کی کال دے دی۔صدر پنجاب ٹیچرز یونین وحید مراد یوسفی کا کہنا ہیکہ وفاق کی طرز پر 30 فیصد ڈی آر اے دینے کے احکامات کا اجراسمیت پنشن میں وفاق کے مساوی اضافہ کیا جائے۔ پنشن، گریجویٹی، ریگولرائزیشن ایکٹ 2018، رول 17 اے اور لیوانکیشمنٹ پر لگائی گئی قدغنوں کو واپس لیاجائے۔سکولوں کی آ ئوٹ سورسنگ کی پالیسی پر نظر ثانی ، عرصہ دراز سے خالی پوسٹوں پر مستقل بنیادوں پر بھرتی کی جائے۔ سالہا سال سے مستقلی کے منتظر ایس ایس ایز اور اے ای اوز کو حسب وعدہ مستقل کیاجائے۔ لیٹ بی ایڈ، ماسٹر فزیکل ایجوکیشن اور فائن آرٹ کی بنیاد پر برطرف کئے گئے ایجوکیٹرز کو بحال کیا جائے۔سالہا سال سے منجمد ہا ئوس رینٹ، کنوینس اور میڈیکل الا ئونس میں بھی مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔