خطرناک ڈرائیونگ ویلنگ اور غیر قانونی ریس ، 2منچلے گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) شاد باغ پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے موقع پر خطرناک ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور غیر قانونی ریس کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو منچلے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان نیو ائیر نائٹ پر چنگ چی رکشوں کی ریس کا پروگرام بنا کر شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھیایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان کو بغیر باڈی کے چنگ چی رکشوں پر ریس لگاتے اور زیگ زیگ کرتے ہوئے وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان نے چنگ چی رکشوں کو خصوصی طور پر ریس کے لیے تیار کر رکھا تھا اور موقع ملنے پر آپس میں ریس لگاتے تھے جبکہ ریس کے ذریعے سٹے بازی بھی کی جا رہی تھی۔شاد باغ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ریس کے لیے تیار کیا گیا چنگ چی رکشہ بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت معظم اور ارسلان کے نام سے ہوئی ہے جن کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد نے خطرناک ڈرائیونگ اور ون ویلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او شاد باغ زاہد حسین اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو ائیر نائٹ کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے عناصر کی نیو ائیر نائٹ حوالات میں ہی گزرے گی۔