لاہور(کرائم رپورٹر) چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کی ہدایت پر رنگ روڈ پولیس نے اوور اسپیڈنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ملزم اینڈریو گل کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم جعلی نمبر پلیٹ لگا کر رنگ روڈ پر ریسنگ کرتا اور ای چالان سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرکے جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے، خطرناک ڈرائیونگ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس نے کہا کہ رنگ روڈ پر ریسنگ، زیگ زیگ ڈرائیونگ، خطرناک ڈرائیونگ اور اسٹنٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔ شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔