لاہور (کرائم رپورٹر) برکی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور خطرناک انداز میں گاڑی چلانے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت معیز، گل عباس اور حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سفید رنگ کی نجی گاڑی میں سڑک پر تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کررہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ان کے قبضے سے رائفل، میگزین اور گولیاں برآمد کرلی گئیں، جبکہ استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔