ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسرخود فیلڈ میں نکلیں ،آئی جی کی زیرصدارت اجلاس،چینی باشندوں کی سکیورٹی سخت کرنے پرزور
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ترمیم شدہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے اہداف میں ہونے والی پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر مئوثر عملدرآمد کیلئے کریک ڈائون میں تیزی لانے کا حکم دیتے کہا سپیشل برانچ کی نشاندہی اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ غیر نمونہ نمبر پلیٹس کیخلاف بھی سخت کارروائی کیلئیڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسرخود فیلڈ میں نکلیں۔ انہوں نے ہیلمٹ، ون وے، اوور لوڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اوربسنت کے موقع پر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے کہا شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے 1787 کمپلینٹ سنٹر پر فوری ریسپانس، مقدمات کے اندراج میں تاخیر اور بدعنوانی پر ذمہ داران کو سزا دینے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں چینی ماہرین اور باشندوں کے ورکنگ ایریاز، روٹس اور رہائش گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے، کالعدم تنظیموں کے اشتہاریوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری اور مئوثر پراسیکیوشن کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔