صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کیلئے صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے‘صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے
ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا‘ غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں‘ ہم ایک موثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے: شہبازشریف کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد (آ ئی این پی )حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرِاعظم شہبازشریف نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پرکریک ڈائون کی منظوری دیدی،ایف آئی اے،آئی بی،ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کردیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں، قیمتوں میں مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصر کیخلاف بلاتفریق قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کیمطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کیخلاف چھاپے،گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات شامل ہوں گے،متعلقہ اداروں نے اپنی کارروائیاں تیزکردیں، آئندہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ایکشن متوقع ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملکی صنعتوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے ملکی صنعتوں کی ترقی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ٹیرف ریشنلائزیشن پالیسی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غیر یقینی صنعتی پالیسیاں صنعتوں کے فروغ میں حائل رہی ہیں۔ ہم ایک مثر پالیسی کی بدولت صنعتی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی پالیسیاں ملکی صنعتوں کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے صنعتی پالیسی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملکی صنعتوں کی ترقی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موثر صنعتی پالیسی کے ذریعے ملک کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بحال کیا جائے گا۔