ننکانہ ، شاہ کوٹ روڈ پربس اور رکشہ ٹکراگئے،3ہلاک ،پتوکی میں 2 حادثات میں 2افراد لقمہ اجل بن گئے
پاک پتن میں بچے سمیت 2افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ، سنٹرل ریجن میں مختلف موٹرویز عارضی طور پر بند
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2بھائیوں سمیت 7افراد جاں بحق اوربیسیوں زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب شاہ کوٹ روڈ پر میرپورسٹاپ کے قریب شدیددھند کے باعث شاہ کوٹ سے ننکانہ صاحب جانیوالی مسافر بس اورنواحی گائوں برالہ سے شاہ کوٹ آنیوالا رکشہ میں ٹکر ہوگئی ،جس کے نتیجے میں 2 بھائیوں سمیت 3افراد دم توڑ گئے اور 3زخمی ہوئے ،مرنیوالوں میں 14سالہ سجاد اور 20،20سال کے وقاص اور شامل ہیں جبکہ 15سالہ بلال ،20سالہ عبدالغنی اور 40سالہ صدی احمد زخمی ہوگئے۔پتوکی ملتان روڈ پر جمبر گلشن اڈے کے قریب پھول نگر کے نواح میں دھندکے باعث ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس سے 28 سالہ بلال مو قع پر چل بسا جبکہ 24سالہ مدثر زخمی ہوگیا۔ تھانہ صدر پتوکی کے علاقے مشرق فیڈ ملز چونیاں روڈ عمر آباد کے قریب دو موٹرسائیکلوں کی آپس میں ٹکر کے نتیجہ میں نامعلوم 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ22سالہ نوجوان حامد زخمی ہوگیا۔ ایک موٹرسائیکل سوار کے مطابق بزرگ نے اس سے لفٹ لی راستے میں کہیں اترنا تھا۔ پاکپتن میں ساہیوال روڈ پر دھند کے باعث مسافر وین، مزدا اور ٹریکٹر ٹرالی آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ایک بچہ جاں بحق اور 9 مسافر زخمی ہو گئے۔ پاکپتن کے نواحی علاقہ نورپور اڈہ ملکو موڑ پر دھند کی وجہ سے کوسٹر نے ہائی روف وین کو ٹکر ماردی ،جس سے ایک شخص جاں بحق اور 8افراد شدیدزخمی ہوگئے۔اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث 3 حادثات ہوئے ، اڈا ستگھرہ پر فیکٹری ملازمین کو لے جانے والی بس الٹ گئی،چنگ چی رکشہ گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گیا،اوکاڑہ بائی پاس پرمسافر بس اورکارکا تصادم ہوا،ان حادثات میں 4خواتین سمیت 16افراد زخمی ہوگئے ،3کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے فارغ کردیاگیاجبکہ 13کو ہسپتال منتقل کرناپڑا۔ شدید دھند کے باعث سنٹرل ریجن میں مختلف موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے مطابق لاہور۔سیالکوٹ موٹروے دھند کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری (فیض پور سے سمندری تک) دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیموٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی شدت کے باعث بند کی گئی ہے، جبکہ بڑی گاڑیوں کے لیے یہ موٹروے پہلے ہی بند کر دی گئی تھی۔ اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے روڈ یوزرز کو ہدایت کی کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ ہوتا ہے۔ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے لازمی استعمال، مناسب رفتار برقرار رکھنے اور اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید رہنمائی اور مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔