مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون حملے کی کوشش، وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون حملے کی کوشش، وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام کے قریب ڈرون حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ڈرون کو مکہ مکرمہ کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل روک کر تباہ کردیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر حملے کی کوشش پر شدید رنجیدہ اور مضطرب ہے۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کو سراہا۔شہباز شریف نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطہ پہلے ہی متعدد تنازعات سے متاثر ہے، اس لیے مزید کشیدگی سے بچنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار امن کا راستہ مذاکرات اور سفارت کاری سے ہی نکلتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے اور پاکستان ان کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔