روس کے کریملن کے شاندار دربار میں جب صدر ولادی میر پیوٹن نے معروف میڈیا شخصیت ٹینا کنڈیلاکی کے سینے پر ’آرڈر آف الیگزینڈر نیوسکی‘ کا تمغہ سجایا تو یہ محض ایک اعزازی تقریب نہیں تھی، بلکہ مغربی دنیا کے لیے روس کا ایک واضح سیاسی اور نظریاتی پیغام بھی تھا۔
مغربی پابندیوں، یوکرین کی ہِٹ لسٹ اور کئی ممالک میں ناپسندیدہ شخصیت قرار دیے جانے کے باوجود، جارجیائی نژاد ٹینا کنڈیلاکی نے نم آنکھوں کے ساتھ خود کو ’روسی بائی کنوکشن‘ یعنی خیالات کے اعتبار سے روسی قرار دیا۔ یہ اس صحافی کی کہانی ہے جس نے اپنی جغرافیائی شناخت سے آگے بڑھ کر روس کو اپنا نظریہ اور عقیدہ بنا لیا، اور آج پیوٹن کے بیانیے کی سب سے مضبوط آواز بن چکی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹینا کنڈیلاکی محض ایک صحافی یا ٹی وی میزبان نہیں بلکہ روسی میڈیا کی طاقتور ترین شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔ ٹیناتِن گیویوونا کنڈیلاکی 1975 میں جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں پیدا ہوئیں، جو اس وقت سوویت یونین کا حصہ تھا۔ ان کے والد جارجیائی-یونانی نژاد جبکہ والدہ آرمینیائی (یا مخلوط آرمینیائی-ترکی) پس منظر رکھتی تھیں۔ایوارڈ تقریب کے دوران ٹینا کنڈیلاکی کا جذباتی خطاب نمایاں رہا، جس میں انہوں نے روس کے لیے گہرے شکرگزاری کے جذبات کا اظہار کیا، اپنی والدہ کے زندگی کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور خود کو کھلے الفاظ میں روسی قرار دیا۔ جارجیائی پس منظر کے باوجود ان کا یہ مؤقف روس نواز نظریے کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ٹینا کنڈیلاکی اس وقت روس کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی گیزپروم میڈیا کی ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر ہیں، جبکہ مقبول انٹرٹینمنٹ چینل TNT کی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ تقریباً 25 سال قبل جارجیا چھوڑ کر روس آنے والی ٹینا نے صحافت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بتدریج پیوٹن کے قریبی حلقوں میں اپنی جگہ بنا لی۔
یوکرین جنگ کے دوران کھل کر پیوٹن کی حمایت کرنے کے باعث ٹینا کنڈیلاکی شدید عالمی تنازعات کا شکار ہوئیں۔ مارچ 2022 میں یوکرین کی اُس وقت کی پراسیکیوٹر جنرل ایرینا وینڈکٹووا نے انہیں بین الاقوامی مطلوبہ فہرست میں شامل کیا، ان پر روسی حملے کی حمایت اور یوکرین کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے۔جنوری 2024 میں قزاقستان نے بھی ٹینا کنڈیلاکی کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی، جب انہوں نے قزاقستان میں روسی زبان کے مبینہ امتیازی سلوک پر تنقیدی پوسٹ کی۔ اس پر قازق حکومت نے انہیں ’ناپسندیدہ شخصیت‘ (Persona Non-Grata) قرار دے دیا۔ یورپی یونین، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک بھی یوکرین جنگ کی حمایت کے باعث ان پر سخت پابندیاں اور سفری قدغنیں عائد کر چکے ہیں۔ان تمام تنازعات کے باوجود پیوٹن نے روس کے مفادات کے دفاع اور ریاستی بیانیے کے فروغ پر ٹینا کنڈیلاکی کو اس اعلیٰ اعزاز سے نوازا۔ تمغہ حاصل کرنے کے بعد اپنے حالیہ خطاب میں انہوں نے روس کو عیسائی تہذیب کا محافظ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ جارجیا کے مذہبی پیشوا کیتھولیک-پیٹریارک ایلیا دوم بھی پیوٹن کے لیے دعا کرتے ہیں۔ٹینا کنڈیلاکی کے مطابق روس محض ایک ملک نہیں بلکہ ’ایک خدائی معجزہ‘ ہے، جہاں پیوٹن کی قیادت میں ’تھرڈ روم‘ (Third Rome) کی نشاۃِ ثانیہ ہو رہی ہے—ایک ایسا نظریہ جو آج روس کے سیاسی اور نظریاتی بیانیے کی بنیاد بن چکا ہے۔