ویب ڈیسک: دنیا بھر میں آزادیٔ صحافت کے لیے قربانیاں دینے والے 7 باہمت صحافیوں کو سال 2025 کے ’ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ان نامزدگان میں فلسطین کی شہید مریم ابو دقہ بھی شامل ہیں، جو 25 اگست 2025 کو غزہ میں صہیونی بمباری کے دوران اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوئیں۔انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ (IPI) کے مطابق یہ اعزاز ان صحافیوں کو دیا جا رہا ہے جنہوں نے حقائق اجاگر کرنے اور سچ بولنے کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ایوارڈز کی تقریب 24 اکتوبر کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ادارے کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہوگی۔مریم ابو دقہ کے ساتھ یوکرین کی وکٹوریہ روشچینا بھی شامل ہیں، جو جنگ زدہ علاقوں میں رپورٹنگ کے دوران شہید ہوئیں۔ مریم ابو دقہ کی شہادت کو فلسطینی صحافت کی تاریخ کا ایک لازوال باب قرار دیا جا رہا ہے، جہاں صحافی قابض فوج کی بمباری کے باوجود مظلوم فلسطینیوں کی آواز دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔
ایوارڈ کے دیگر نامزد صحافیوں میں امریکا کے مدیر مارٹن بیرن، پیرو کے تفتیشی رپورٹر گستاوو گوریٹی، ہانگ کانگ کے جمی لائی، اور ایتھوپیا کے تسفالم والدیس شامل ہیں، جنہوں نے جنگ، آمریت اور جبر کے ماحول میں سچائی کا پرچم بلند رکھا۔بین الاقوامی صحافتی تنظیموں نے مریم ابو دقہ کی نامزدگی کو فلسطینی صحافیوں کی قربانیوں اور استقامت کا عالمی اعتراف قرار دیا ہے۔