مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی فورسز نے جمعرات کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران ایک صحافی سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں بیت لحم سے 7، نابلس سے 9، سلفیت سے 4 اور الخلیل (ہیبرون) سے ایک صحافی شامل ہے۔
بیت لحم میں چھاپے
رپورٹس کے مطابق بیت لحم میں اسرائیلی فورسز نے الدوحہ قصبے، دھیشیہ پناہ گزین کیمپ اور الفوغرہ کے نواحی علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے اور 4 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔صوبے کے جنوبی علاقے میں واقع بیت فجر قصبے میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ گھر کی تلاشی اور مبینہ توڑ پھوڑ کے بعد ایک شخص اور اس کے دو بیٹوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
نابلس میں 9 فلسطینی گرفتار
نابلس میں اسرائیلی فورسز نے شہر کے جنوب میں واقع اسیرہ القبلیہ گاؤں میں چھاپے کے دوران 2 فلسطینیوں کو گرفتار کیا، جبکہ ایک فلسطینی کو عسکر پناہ گزین کیمپ سے حراست میں لیا گیا۔رپورٹس کے مطابق عوارتا قصبے سے 3، بازاریہ سے 2 جبکہ نابلس شہر کی عمان اسٹریٹ سے ایک فلسطینی کو گرفتار کیا گیا۔نابلس کے شمال مغرب میں واقع سیبسٹیا قصبے میں بھی اسرائیلی فورسز نے کارروائی کی۔ اس دوران ایک فلسطینی قیدی کی والدہ اور بہن کو حراست میں لے کر فیلڈ میں پوچھ گچھ کی گئی، تاہم بعد ازاں دونوں کو رہا کردیا گیا۔
سلفیت اور ہیبرون میں بھی کارروائیاں
سلفیت صوبے میں اسرائیلی فوج نے قراوت بنی حسن قصبے میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور 4 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران گھروں کی تلاشی لینے کے ساتھ سامان کو نقصان پہنچانے اور مبینہ طور پر لوٹ مار کی گئی، جبکہ گرفتار افراد میں سے ایک کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔دوسری جانب ہیبرون (الخلیل) کے مغرب میں واقع ادنہ قصبے سے اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی صحافی کو گرفتار کرلیا۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جبکہ فلسطینی علاقوں میں ایسی کارروائیوں کے باعث کشیدگی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔