ماسکو (ویب ڈیسک):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک بار پھر اسرائیل-فلسطین تنازع کے حل کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو ہی "واحد اور پائیدار حل" قرار دیا ہے۔
یہ بیان انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ماسکو میں ملاقات کے دوران دیا۔
دو ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری معاہدے
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران روس اور قطر کے درمیان دو ارب ڈالر سے زائد مالیت کے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، جن سے دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
قطر کا بھی فلسطینی ریاست کے قیام پر زور
قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے بھی فلسطینی ریاست کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا:"آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن کا خواب ممکن نہیں۔"
شام کے حوالے سے بھی مشترکہ مؤقف
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے شام کو ایک خودمختار اور متحد ریاست بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا۔
پیوٹن کا ماضی کا مؤقف
واضح رہے کہ صدر پیوٹن اس سے قبل بھی غزہ جنگ بندی کے دوران رہا کیے گئے یرغمالیوں سے ملاقات میں حماس کی حکمت عملی کی تعریف کر چکے ہیں، جس پر عالمی سطح پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا۔