صدر اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ پاکستان مفتی تقی عثمانی نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مفتی تقی عثمانی نے مزید کہا کہ اس بل کے مطابق گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے، اور مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے اس ایکٹ کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کی کوششوں کو قابلِ احترام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کو اس ایکٹ کے مطابق قانون سازی کی توفیق ملنی چاہیے۔دوسری جانب، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کرنے پر صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس عمل سے جے یو آئی کا موقف تسلیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے مثبت کردار کو سراہا اور اس بل کی منظوری کو دینی مدارس اور جے یو آئی کے کارکنان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور دینی مدارس کے قائدین کی مسلسل کوششوں سے یہ معرکہ سر ہوا ہے اور اب تمام صوبوں کو اس بل کے مطابق قانون سازی کرنی چاہیے۔