وفاقی حکومت مسلسل آئین کی خلاف ورزیاں کررہی ہے: نثار کھوڑو

 سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ  کیا جائے،  حصے کی پوری گیس فراہم کی جائے
 وزیراعظم گیس قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے
 کراچی(آئی  این پی )پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے سندھ میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ اور لو پریشر کو آئین کے آرٹیکل 158 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ  وفاقی حکومت مسلسل آئین کی خلاف ورزیاں کررہی ہے جس سے باز رہے اور آئین کے تحت سندھ کو اپنے حصے کی گیس فراہم کی جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  نثار کھوڑو نے کہا   کہ آرٹیکل 158 کے تحت یہ لازمی ہے کہ جس صوبے سے گیس نکلتی ہو پہلے اس صوبے کی ضرورت کو پورا کیا جائے۔ سندھ 65 فیصد 21 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے مگر سندھ کو اپنے حصے کی گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔نثار کھوڑو نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافے کے فیصلے کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ اوگرا میں صوبے کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے من مانے فیصلے کئے جا رہے ہیں، وزیراعظم گیس قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ اوگرا میں سندھ کو نمائندگی دی جائے اور فیصلے مشاورت سے کئے جائیں۔