11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ، معیشت مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں
مار دو، جلا دو، گالی گلوچ، غنڈہ گردی، جھوٹ فراڈ‘ سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا:پنجاب کی سینئر وزیر کا بیان
لاہور (خصوصی رپورٹر)پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فیصد اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے -اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں -مریم اورنگزیب نے کہا مار دو، جلا دو، گالی گلوچ، غنڈہ گردی، جھوٹ فراڈ سول نافرمانی کی کالز سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا -نو مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو چار سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے -نو مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں - انہو ں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں -کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائیفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ، اب کوئی ماننے والا نہیں-''امریکہ نے میری حکومت گرائی'' سے ''امریکہ مجھے بچالو''! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے-بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں -