جنوبی کوریا:طیارہ رن وے پر دیوار سے جا ٹکرایا‘170افراد ہلاک

 لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث  حادثہ پیش آیا‘ عملے کے دو ارکان کو بچالیا گیا ‘آصف زرداری‘شہباز شریف کا اظہار افسوس
سئیول‘اسلام آباد (آئی این پی )جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایک مسافر طیارہ رن وے سے اتر کر حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم 170 افراد ہلاک ہو گئے  ۔  جنوبی کوریا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز سی 22167 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے 175 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان  کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے ملک کے جنوب میں واقع ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی‘ مقامی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں جڑواں انجن والے طیارے کو رن وے سے پھسلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث وہ حفاظتی باڑ سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔دیگر تصاویر میں طیارے کے کچھ حصوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔موآن فائر چیف لی جنگ ہیون کا کہنا ہے کہ تفتیش کار پرندوں کے حملے اور موسمی حالات کو ممکنہ عوامل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ صدر آصف علی زردار ی نے  جنوبی کوریا میں ایئرپورٹ پر مسافر طیارے کے حادثے  میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہا کیا ۔ صدر مملکت  نے  جنوبی کوریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار تعزیت  اور  ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کا سن کر بہت دکھ ہوا، طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں جنوبی کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔