مقبوضہ کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 11 افراد جاں بحق

مقبوضہ کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 11 افراد جاں بحق

مقبوضہ کشمیر گزشتہ رات خوفناک قدرتی آفت کی لپیٹ میں آ گیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔

 کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بادل پھٹنے کے باعث شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے کئی عمارتیں اور ڈھانچے بہہ گئے جبکہ املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔کلاؤڈ برسٹ سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ضلع ریاسی رہا جہاں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 5 معصوم بچے بھی شامل تھے۔ اسی طرح رام بن کی تحصیل راج گڑھ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

شدید بارشوں کے بعد مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور پانی خطرناک حد تک بلند ہو چکا ہے، جس سے مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔