کوسٹا ریکا کے کیریبین ساحل پر ایک غیرمعمولی شارک کی دریافت نے ماہرینِ حیاتیات کو حیران کر دیا۔
یہ دریافت ٹورٹوگیرو نیشنل پارک کے قریب اس وقت ہوئی جب مقامی ماہی گیر جوان پابلو نے ماہی گیری کے دوران ایک عجیب و غریب شارک کو پکڑا۔رپورٹس کے مطابق، یہ نرس شارک (علمی نام: Ginglymostoma cirratum) تقریباً 120 فٹ (37 میٹر) کی گہرائی سے پکڑی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی سب سے حیران کن خصوصیت اس کا نارنجی-پیلا رنگ ہے، جو دنیا بھر میں پہلی مرتبہ کسی شارک میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔مزید برآں، اس شارک کی آنکھیں مکمل طور پر سفید تھیں، جو بعض امراض کی نشانی ہیں۔ محققین نے بتایا کہ یہ پہلی دفعہ ہے کہ دنیا میں کسی بھی شارک میں xanthism (یعنی زرد یا نارنجی رنگت) کو باقاعدہ طور پر نوٹ کیا گیا ہے۔
یہ شارک تقریباً 6.5 فٹ (2 میٹر) لمبی اور بالغ تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کی غیرمعمولی رنگت اس کی بقا میں رکاوٹ نہیں بنی۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ xanthism اور albinism دونوں جینیاتی عوامل کی وجہ سے ہوتے ہیں، تاہم اس کیس میں ماہرین نے inbreeding، ماحولیاتی دباؤ یا ہارمونل عدم توازن جیسے عوامل کو بھی ممکنہ وجوہات قرار دیا ہے۔
اس دریافت کو ماہرین نے نہ صرف کوسٹا ریکا بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک اہم سائنسی پیشرفت قرار دیا ہے، کیونکہ اس سے شارک کی حیاتیاتی تنوع اور جینیاتی ارتقاء کے بارے میں نئی تحقیق کے دروازے کھل سکتے ہیں۔