کیلیفورنیا کے ساحل پر وائٹ شارک کی حیران کن چھلانگ، ویڈیو وائرل

کیلیفورنیا کے ساحل پر وائٹ شارک کی حیران کن چھلانگ، ویڈیو وائرل

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے نیوپورٹ ساحل پر ایک وائٹ شارک کی پانی سے بلند چھلانگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سورین اسٹیونسن نامی شخص اپنے ایک عزیز کی سرفنگ کی ویڈیو بنا رہا تھا کہ اسی دوران ایک وائٹ شارک اچانک پانی سے باہر نکلی اور بلند چھلانگ لگائی۔ یہ غیر معمولی منظر کیمرے میں محفوظ ہوگیا، تاہم ویڈیو بنانے والے شخص کو اس وقت اس کا علم نہیں تھا۔سورین اسٹیونسن نے بتایا کہ ریکارڈنگ کے دوران انہوں نے شارک کو نہیں دیکھا، لیکن بعد میں ویڈیو کا جائزہ لیتے ہوئے جب یہ منظر سامنے آیا تو وہ حیران رہ گئے۔اس واقعے پر میرین بائیولوجی کے پروفیسر اور کیل اسٹیٹ لانگ بیچ شارک لیب کے ڈائریکٹر کرسٹوفر لو نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی شارک بظاہر ایک کم عمر وائٹ شارک ہے، جو غالباً قدرتی رویے کے تحت پانی میں سرگرمی دکھا رہی تھی۔ماہرین کے مطابق کم عمر وائٹ شارکس بعض اوقات شکار، کھیل یا قدرتی حرکت کے دوران پانی سے باہر چھلانگ لگاتی ہیں، تاہم ایسا منظر کیمرے میں محفوظ ہونا نسبتاً کم دیکھنے میں آتا ہے۔

نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) کے مطابق وائٹ شارکس دنیا بھر کے معتدل اور نیم گرم سمندری پانیوں میں پائی جاتی ہیں۔ یہ موسمی حالات اور پانی کے درجہ حرارت کے مطابق مختلف علاقوں کی جانب ہجرت بھی کرتی ہیں، جبکہ امریکی ساحلی پانی بھی ان کے قدرتی مسکن کا حصہ ہیں۔وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے، جہاں کئی افراد نے اس منفرد منظر کو قدرت کا حیرت انگیز نظارہ قرار دیا ہے