جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما کنول شوزب کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ ملزمہ کو گرفتار کرکے 3 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالتی حکم کے بعد تھانہ چکلالہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ وہاں موجود نہ ہونے کے باعث گرفتار نہ ہوسکیں۔
یاد رہے کہ کنول شوزب پر 9 مئی کے واقعات میں جی ایچ کیو پر حملے میں مبینہ طور پر اشتعال انگیزی اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں اور پولیس کی جانب سے کارروائی تیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔