وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی، جس میں پاک۔سعودی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر پاک بھارت کشیدگی میں سعودی حکومت کے مؤثر کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہو یا امن، سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی اور دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش میں پورے اترے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی عرب جا کر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر نہ صرف ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں بلکہ معاشرتی مسائل کو بھی بڑھاتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں، سعودی عرب ان تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں بھی ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔