اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے برادر سعودی قوم کو قومی دن کی مبارکباد دی۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کے سفر کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اب ایک مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔وزیراعظم کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کو بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔